وزیراعلیٰ بلوچستان نے مستونگ میں تیزاب گردی سے متاثرہ خاتون کا علاج کرانے کے احکامات دیدیے

وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں مبینہ تیزاب گردی کے واقعے میں متاثر ہونے والی خاتون کا علاج آغا خان اسپتال کراچی سے کرانے کے لئے احکامات جاری کر دیے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند کے مطابق متاثرہ خاتون کو علاج معالجے کی بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر متاثرہ خاتون کے کراچی میں علاج کے لیے حکومتی اخراجات پر آغا خان اسپتال کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس تحقیقات جاری ہیں۔ خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی جیسے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے ساتھ مکمل قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔