خاران (ویب ڈیسک) خاران شہر میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد کی بڑی تعداد نے داخل ہو کر سٹی پولیس تھانے پر حملہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے تھانے پر قبضہ کرنے کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا اور تھانے کے مختلف حصوں سمیت سرکاری ریکارڈ کو آگ لگا دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ اور جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں،جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیاواقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر کلیئرنس آپریشن شروع کیاسیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے بعد صورتحال قابو میں ہے، تاہم علاقے میں سرچ اور کلیئرنس سرگرمیاں جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب فائرنگ اور دھماکوں کی زد میں آکر خاران کے شیلگ علاقے میں رہائشی محبوب احمد ملنگزئی کے گھر کی خواتین اور بچے زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایم ایس ڈاکٹر مشتاق منہم نوشیروانی اور طبی عملہ انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہا ہےاطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے سٹی پولیس تھانے کے بعد انسداد دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی) کے تھانے کو بھی نشانہ بنایا، جہاں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اسے آگ لگا دی گئی۔ذرائع کے مطابق تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال اب قابو میں ہے، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
خاران میں مسلح افراد نے پولیس تھانے کو آگ لگا دی، فائرنگ اور دھماکوں سے خواتین و بچے زخمی
