شاہین آفریدی کی ہیٹ ٹرک، کھلاڑیوں کی سنچریاں، پاکستان گولڈ نے نیشنل چمپئنز کپ جیت لیا

پاکستان گولڈ نے نیشنل چمپئنز کپ جیت لیا

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) چمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں پاکستان گولڈ نے پاکستان گرینز کو 101رنز سے شکست دی۔ پاکستان گولڈ نے پاکستان گرینز کو شکست دےکر نیشنل چیمپئنز کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ شامل حسین اور سعد خان کی سنچریوں اور کپتان شاہین آفریدی کی ہیٹ ٹرک سمیت 7 وکٹوں کی کارکردگی کی بدولت کامیابی ملی۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ٹاس جیت کر پاکستان گولڈ نے پہلے بیٹنگ کی۔ ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 340 رنز بناکر آﺅٹ ہوئی، ان کی جانب سے سعد خان اور شامل حسین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں۔ سعد خان نے 112 رنز اور شامل حسین نے 111 رنز اسکور کیے۔ پاکستان گرینز کی جانب سے فہیم اشرف، شاداب خان اور نسیم شاہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ 341 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان گرینز کی ٹیم شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے سبب 38ویں اوور میں 239 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ سعد بیگ نے 67 اور عمیر یوسف نے 44 رنز بنائے۔ پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین آفریدی نے ہیٹ ٹرک سمیت 36 رنز کے عوض 7 کھلاڑی آﺅٹ کیے، رضا اللہ، مبصر خان اور فیصل اکرم نے ایک، ایک کھلاڑی آﺅٹ کیا۔