کوئٹہ ( آن لائن) ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ضیا الحق مندوخیل نے کہا ہے کہ کیچی بیگ پولیس نے مسماة اسما دختر امان اللہ اغوا کیس میں نامزد 4ملزمان کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ و گاڑی پولیس نے قبضے میں لی ہوئی ہے اور مغویہ کو بھی بحفاظت بازیاب کرالیا گیا تھا۔ اپنے جاری کردہ وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مسماة اسما امان اللہ سکنہ قمبرانی روڈ کوئٹہ کی جانب سے پریس کانفرنس میں اپنے کزن خدا بخش کے ساتھ 2022ءمیں منگنی ختم ہونے اور 13 اگست 2026ءکو اپنے ساتھیوں محمد رفیق ، جاوید، سراج کے ہمراہ اس کے گھر سے اغواءکرنے تشدد کا نشانہ بنانے اور 65 ہزار روپے اور دیگر سامان لے جانے کا الزام عائد کیا ہے حالانکہ واقعے کا مقدمہ زیر دفعہ 365 BPPCکے تحت مقدمہ نمبر 161/2026۔14 اگست کو مسماة شازیہ والدہ متاثرہ اسماءکی مدعیت میں درج کیا گیا، تفتیش کی ذمہ داری سب انسپکٹر محبوب علی کو سونپی گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے نامزد چاروں ملزمان خدا بخش، محمد رفیق، جاوید اور سراج کو گرفتارکرکے مغویہ کو بازیاب کرالیا۔ پولیس نے مبینہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔ 17 اگست 2026 کو بازیاب خاتون کا بیان دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند جبکہ خاتون کا طبی معائنہ سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ میں کرایا گیا ہے جس کی میڈیکل رپورٹ تاحال موصول ہونا باقی ہے۔ تمام گرفتار ملزمان اس وقت پولیس ریمانڈ پر ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اسماء کیس میں نامزد ملزمان گرفتار ہیں، خاتون کو انصاف دلایا جائیگا، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ
