پیٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر مارجن میں اضافے کی منظوری، ڈیلرز نے ہڑتال ملتوی کردی

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مجموعی مارجن 10 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے جبکہ ڈیلرز مارجن میں اضافے کے حکومتی فیصلے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے کل کی ہڑتال ملتوی کردی ہے۔ جمعے کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن پر نظرثانی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا اور موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی سے متعلق معاملے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اجلاس میں موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کے ڈیلرز مارجن پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی سمری اجلاس میں پیش کی گئی۔ ای سی سی نے پیٹرولیم مصنوعات کے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد موٹر اسپرٹ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دی۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن 1 روپے 34 پیسے بڑھا کر مجموعی مارجن 10 روپے کر دیا ہے۔ 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کرنے والی پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 1 روپے 34 پیسے لینے کے بعد ہڑتال ملتوی کر دی ہے جبکہ ڈیلرز کے 8 فیصد مارجن کے مطالبے پر ایک مشترکہ کمیٹی بنائی گئی ہے، جو 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا ہے۔