محکمہ آبپاشی بلوچستان میں مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز

کوئٹہ (ویب ڈیسک) محکمہ آبپاشی بلوچستان میں مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے سیکرٹری ایریگیشن کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی و غیر ترقیاتی منصوبوں، مالی ریکارڈ اور سرکاری امور سے متعلق تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ مراسلے کے مطابق نصیرآباد کینال سسٹم کے بجٹ، کچھی کینال، پٹ فیڈر کینال، کیرتھر کینال منصوبوں، 2022 کے سیلاب کے بعد حفاظتی بندوں کی بحالی، واٹر کورس لائننگ، انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ اسکیموں، سرکاری گاڑیوں کی خرید و فروخت اور محکمانہ آڈٹ رپورٹس سمیت متعدد منصوبوں کا مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ جلد از جلد فراہم کیا جائے تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔