ماخذ: این این آئی
کوئٹہ (این این آئی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) کے جاری کیے گئے ایک حکم نامے کے مطابق تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار یا افسوسناک واقعے، مثلاً دھماکے، آتش زدگی، فائرنگ، دہشت گردی کے حملے وغیرہ کی براہِ راست نشریات، دوبارہ نشریات (ری براڈکاسٹ) اور کوریج سے گریز کریں۔ سیٹلائٹ ٹی وی چینلز صرف ایسی تصدیق شدہ معلومات نشر کریں جن کی متعلقہ سرکاری محکمے یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے توثیق کی گئی ہو۔ مزید برآں، تمام لائسنس ہولڈرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نشریات میں مقررہ ٹائم ڈیلے (تاخیری نظام) کو مو¿ثر طریقے سے استعمال کریں اور PEMRA قوانین کی متعلقہ دفعات، سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018ء میں جاری فیصلے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے مورخہ 05 ستمبر 2022ءکے حکم، مقدمہ نمبر CMA 102 آف 2022ء، کے مطابق ایک آزاد ادارتی بورڈ (Independent Editorial Board) تشکیل دینا یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نشریات میں تاخیر کے مقررہ طریق کار پر مناسب عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں PEMRA آرڈیننس 2002ء، ترمیم شدہ، کی دفعات 29-A، 30 اور 33 کے تحت قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔واضح رہے کہ پیمرا کی جانب سے تمام سٹیلائٹ ٹی وی چینل کے لیے یہ حکم پہلے بھی 20 فروری 2023 کو جاری کیا گیا تھا۔
