میرا دوسرا جنم ہوا تو دوبارہ بلوچ ہونا پسند کروں گا، سردار اختر مینگل کے بیان پر بی این پی کی وضاحت

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے سوشل میڈیا پر پارٹی قائد سردار اختر مینگل سے منسوب چلنے والے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سوال کے جواب میں سردار اختر مینگل نے کہا تھا کہ ”بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ انسان کا دوسرا جنم نہیں ہوتا، ہاں اگر ہوتا تو میں بلوچ ہونا پسند کرتا“ سردار اختر جان مینگل نے کہاکہ یہ بات ( یعنی دوبارہ جنم) مسلمانوں میں تو نہیں البتہ دیگر مذاہبِ میں ہوتا ہے، اگر میرا دوسرا جنم ہوا تو دوبارہ بلوچ پیدا ہونا پسند کروں گا۔ یعنی بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ انسان کا دوسرا جنم نہیں ہوتا لیکن اگر بالفرض ایسا ہوتا تو میں دوبارہ بلوچ ہونا ہی پسند کرتا۔ ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی من گھڑت خبریں اور بیانات بدنیتی پر مبنی ہیں، سازشی عناصر بیانات کو توڑ مروڑ کر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے چلا رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بغیر تصدیق کے بیان چلانے اور بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنیوالوں کیخلاف متعلقہ اداروں میں کارروائی کیلئے درخواست دی جائے گی۔