کوئٹہ (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ کے وزارت سے استعفے کی خبریں زیر گردش۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دیدیا ہے، وہ جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے استعفے کی وجوہات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق باضابطہ اعلان کریں گے۔ بہر حال صوبائی وزیر خوراک کے استعفے کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ کے ممکنہ استعفے سے متعلق سوشل میڈیا اور بعض ذرائع میں گردش کرنے والی خبروں نے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ کابینہ اجلاس کے بعد ہرنائی سبی روڈ سے متعلق کیے گئے اعلان پر حاجی نور محمد دمڑ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ اس بات پر ناراض ہیں کہ ان کے حلقے سے متعلق ترقیاتی منصوبے کا اعلان ان سے مشاورت کے بغیر کیا گیا۔ تاہم، صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ کے استعفے یا ناراضی سے متعلق کسی بھی خبر کی تاحال سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت ممکنہ استعفے سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات صرف ذرائع اور سوشل میڈیا پر مبنی ہیں۔ کسی بھی حتمی یا مصدقہ مو¿قف کے لیے صوبائی وزیر کی متوقع پریس کانفرنس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ کے استعفے کی خبریں زیر گردش، کل پریس کانفرنس میں اہم اعلان متوقع، ذرائع
