کوئٹہ، ہنہ اوڑک میں مسلح افراد اور علاقہ مکینوں کے درمیان فائرنگ سے 4 مقامی افراد جاں بحق، 7 زخمی ہوگئے

کوئٹہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں مسلح افراد اور علاقہ مکینوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد جاں بحق، 7زخمی۔ اتوار کو کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں ایک مرتبہ پھر مسلح افراد اور علاقہ کے مکینوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں 4 مقامی افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں حالات شدید کشیدہ ہوگئے جس کے بعدفرنٹیر کور بلوچستان اوراینٹی ٹیرراسٹ فورس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ۔دریں اثناءمسلح افراد کی فائرنگ کے خلاف ہنہ اوڑک کے رہائشیوں نے ٹائر جلا کر سڑک کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہنہ اوڑک کے رہائشیوں پرفائرنگ میں مسلح افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں اورعلاقے کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔