ایرانی صدر کا دورہ پاکستان، صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، دونوں ممالک کا علاقائی سا لمیت کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی علیحدہ علیحدہ ملاقائیں ہوئیں۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، بالخصوص علاقائی امن سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی امن کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ صدر زرداری نے حالیہ تنازع کے بعد پاکستان کے پہلے دورے پر صدر پزشکیان کا خیرمقدم کیا، صدر مملکت نے کہا یہ دورہ دونوں ممالک کے خوشی و غم میں ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا مظہر ہے، ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔ صدر مملکت آصف زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر صدر پزشکیان کو مبارکباد دی اور کہا امید ہے تکنیکی سطح کے مذاکرات مستقل امن کے قیام پر منتج ہوں گے، صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا پاکستان نے ہمیشہ یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کی ہے، علاقائی و عالمی چیلنجز کے دیرپا حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کی ہے۔ صدر آصف زرداری نے امت مسلمہ کے اتحاد کے تحفظ کےلئے پاکستان کے عزم اور خلیجی ممالک سے مضبوط برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ ایوان صدر کے مطابق صدر پزشکیان نے امن اور مذاکرات کے فروغ کےلئے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں پر شکریہ ادا کیا، صدر پزشکیان نے حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے حمایت کو سراہا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، سیاسی، اقتصادی، سیکورٹی اور علاقائی امور میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، صدر زرداری نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔