اسلام آباد (ویب ڈیسک) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ امن معاہدے میں پاکستان کے مثبت اور موثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک قابل اعتماد اور ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں علاقائی استحکام، توازن اور تعمیری روابط کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس معاہدے کی کامیاب سہولت کاری پاکستان کی سفارتی پختگی، غیر جانبداری اور عالمی سطح پر امن کے لیے مسلسل وابستگی کا مظہر ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قومی قیادت، عسکری قیادت اور خارجہ پالیسی کے ماہرین نے پسِ پردہ رہ کر کشیدگی میں کمی لانے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، ایسے وقت میں جب دنیا ایک ممکنہ تصادم کے خدشات سے دوچار تھی۔ انہوں نے حکومت پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنی ساکھ اور اخلاقی حیثیت کو عالمی امن کے فروغ کے لیے موثر انداز میں استعمال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیشرفت نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ دیرپا امن کی بنیاد بنے گا اور پاکستان مستقبل میں بھی ایک ذمہ دار، امن پسند اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کی سفارتی کاوشیں علاقائی امن و استحکام کے فروغ کی عکاس ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
