ڈی ایم جمالی، ڈاکوﺅں نے مسافر کوچ لوٹ لی، لاکھوں روپے نقدی، قیمتی سامان لیکر فرار

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) ڈیرہ مراد جمالی میں ڈاکو راج برقرار، مسافر کوچ کے مسافروں سے لاکھوں روپے نقدی، درجنوں موبائل فون چھین لیے گئے۔ تمبو منجھوشوریٰ سے دو طالب علموں سے موٹر سائیکل نقدی چھین لی گئی، ملزمان فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب صدر پولیس تھانے کی حدود بالان شاخ گوٹھ میرگل ڈپ کے مقام پر گزشتہ شب کوئٹہ سے اوستہ محمد اور شہدادکوٹ جانے والی مینگل کوچ کو پندرہ سے زیادہ مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر روک کر لوٹ مار کی اور مسافروں کو یرغمال بناکر ان سے لاکھوں روپے نقدی درجنوں قمیتی موبائل فون گھڑیاں و دیگر سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ تمبو منجھو شوریٰ پولیس تھانے کی حدود میں ڈاکوﺅں نے دو طالب علموں جوکہ امتحانی پرچہ دینے جارہے تھے گوٹھ زاہد حسین عمرانی کے مقام پر ان سے موٹر سائیکل نقدی اور دو موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔