قلعہ عبداللہ، خضدار (بلوچستان نیوز) قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک، دو شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق میزئی اڈہ میں نادرا مارکیٹ کے ایک ہوٹل میں مشہور شخصیت داد محمد کاکڑ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملاقات میں مصروف تھے، اسی دوران موٹر سائکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے داد محمد کاکڑ، سید جعفر آغا، مطیع اللہ حرف متک آغا موقع پرہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ٹرامہ سینٹر میزئی اڈہ پہنچایا گیا۔ ملزمان موقع سے بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق گلستان کے قریب دولنگی کے مقام پر دو مقامی قبائل کے دوران شدید جنگ جاری ہے، جس میں ایک فریق نے مخالف فریق کے ایک پورے گھر کو قبضے میں لے کر آگ لگا دی۔ علاوہ ازیں خضدار مراد آباد خیرآواہ میں لہڑی اور سرمستانی قبائل کے درمیان تلخ کلامی نے اچانک سنگین رخ اختیار کرلیا، دونوں جانب سے لاٹھیاں اور پتھر اٹھا لیے گئے، جھڑپ میں مجموعی طور پر 9 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں میں لہڑی قبائل کے 3 اور سرمستانی قبائل کے 6 افراد شامل ہیں۔ زخمیوں میں سیف اللہ لہڑی، اسد اللہ لہڑی، احسان اللہ لہڑی اور سرمستانی قبائل کے اللہ ڈنہ سرمستانی، محمداقبال سرمستانی، عنایت اللہ سرمستانی، محمد اسماعیل سرمستانی، محمدحیات سرمستانی، ریحان احمد سرمستانی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر تھانہ پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو مزید بگڑنے سے بچا لیا۔
میزئی اڈہ ‘ فائرنگ سے قبائلی شخصیت سمیت 3 افراد جاں بحق، خضدار میں 9 زخمی
