کوئٹہ (بلوچستان نیوز) کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے راکٹ فائر کیے جانے کے واقعات کے بعد سیکورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہوگئے ہیں۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کے مطابق اختر محمد روڈ، شانتی نگر، فقیر محمد روڈ اور میر احمد خان روڈ پر ٹرانسفارمر کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے راکٹ فائر کیے گئے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ تین افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سیکورٹی اداروں نے مشترکہ طور پر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور مشتبہ مقامات کی چیکنگ جاری ہے۔ شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے۔ تمام متعلقہ یونٹس کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جاسکے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جاسکے۔
کوئٹہ میں راکٹ حملوں کے بعد سیکورٹی ہائی الرٹ، مشتبہ مقامات کی چیکنگ جاری، ڈی آئی جی
