دالبندین(بلوچستان نیوز)ممتاز قبائلی شخصیت اور سابق صوبائی وزیر الحاج علی محمد نوتیزئی نے پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنی طویل وابستگی ختم کرتے ہوئے راہیں جدا کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔انہوں نے اپنی رہائش گاہ ‘نوتیزی ہاو¿س’ بلوچی اسٹریٹ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک عبدالکریم نوتیزی، ملک شاہ نور نوتیزی، حاجی عبدالواحد نوتیزی اور دیگر قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔الحاج علی محمد نوتیزی نے کہا کہ میں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی دعوت پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور ایک طویل عرصے تک پارٹی کے لیے صبر آزما جدوجہد کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کی وفاداری اور محنت کے باوجود ہمیں مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا، جس کے بعد اب پارٹی کے ساتھ مزید چلنا ممکن نہیں رہا۔ مستقبل کے فیصلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عید کے فوراً بعد نوتیزی قبائل کا ایک اہم اور تاریخی جرگہ طلب کیا جائے گا۔ اس جرگے میں قبائلی امور سمیت تمام اہم سیاسی و علاقائی ایشوز پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
