تربت (بلوچستان نیوز)تربت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے تین راکٹ لانچرز فائر کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائر کیے جانے والے راکٹ ایئرپورٹ کے احاطے میں موجود خالی میدان میں گرے اور زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ راکٹ حملے کے بعد فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی۔ خوش قسمتی سے ان دھماکوں کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واقعے کے بعد ایئرپورٹ اور گردونواح کے علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
