کاٹھور (این این آئی)کاٹھور کے قریب آئل ٹینکر اور بس سمیت متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق حادثہ گڈاپ لنک روڈ پر ٹرک اور کوچ کے درمیان پیش آیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوچ غلط سمت پر جارہی تھی۔پولیس حکام نے بتایاکہ حادثے میں 3 خواتین اور بچے سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے میں متعدد افراد پل سے نیچے گرگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا دوسری جانب آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے پولیس کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے کی ہدایت کی اور جائے حادثہ و اطراف کے علاقے کو فوری طور پر محفوظ بنانے کا حکم دیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کراچی کے قریب ایم 9 موٹروے پر ہونے والے المناک ٹریفک حادثے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔صدر نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کے لیے دعا اور اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔صدر زرداری نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور سندھ حکومت کو ہدایت دی کہ ان کو فوری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
کراچی کے قریب ہولناک حادثہ،13افراد جاںبحق
