بلوچستان کی شاہراہوں پر ایک روز کے دوران 41 ٹریفک حادثات، 48 افراد زخمی ہوئے، رپورٹ

بلوچستان شاہراہوں ٹریفک حادثات

ماخذ: آئی این پی

کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہوں پر 20 نومبر 2026 کو ٹریفک حادثات کے 41 واقعات پیش آئے جن میں 48 افراد زخمی ہوگئے، تاہم کسی حادثے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز (ایم ای آر سی 1122) بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ یومیہ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ حادثات ٹراما سینٹر ژوب میں رپورٹ ہوئے جہاں 15 حادثات میں 15 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ٹراما سینٹر خضدار میں 6 حادثات کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق لک پاس مستونگ میں 4 حادثات میں 5، ناصئی قلعہ سیف اللہ میں 4 حادثات میں 4، سرانان پشین میں 2 حادثات میں 3، کٹل فارم جعفرآباد میں 2 حادثات میں 2 اور میختر لورالائی میں 2 حادثات میں 2 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح دیگر مختلف مقامات پر بھی ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں قائم ایم ای آر سی 1122 کے مراکز نے حادثات کے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔