دالبندین، سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے موٹر سائیکل سوار 3 راہگیر جاں بحق

دالبندین دھماکہ جاں بحق

ماخذ: یو این اے

دالبندین، سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے موٹر سائیکل سوار 3 راہگیر جاں بحق
کوئٹہ، دالبندین، نوشکی (یو این اے، نامہ نگار) دالبندین کے علاقے کرگوشکان میں پہلے سے نصب دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے دھماکے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ تینوں نوجوان پکنک کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں نصب دھماکہ خیز مواد کی زد میں آگئے۔ ایس پی چاغی کے مطابق دالبندین کے علاقے کرگوشکان میں موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان پکنک کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں پہلے سے بچھائی گئی آئی ای ڈی پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوانوں کی شناخت عرفان ولد پیر جان، سہیل ولد عبدالغفار اور الطاف ولد علی بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔ عرفان اور سہیل کا تعلق کلی خدائے رحیم جبکہ الطاف کلی قاسم خان دالبندین سے تھا۔ذرائع کے مطابق تینوں نوجوان آپس میں ماموں زاد اور خالہ زاد رشتہ دار بھی تھےافسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ نوجوانوں کی اچانک ہلاکت پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہوگئے۔