ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے چیف ایگزیکٹو مجیب مری اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)کے جنرل منیجر راحیل ملک نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور اراکینِ اسمبلی پر واضح کر دیا ہے کہ وہ صوبے میں نہ تو بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کر سکتے ہیں اور نہ ہی گیس کی بندش کا خاتمہ ان کے اختیار میں ہے۔باوثوق ذرائع نے خبر رساں ادارے یو این اے کو بتایا کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے طلب کیے گئے اجلاس میں دونوں اداروں کے سربراہان نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر اپنی بے بسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اصل اختیارات اسلام آباد میں بیٹھے وفاقی وزرا کے پاس ہیں۔حکام نے اراکینِ اسمبلی سے کہا کہ وہ صوبائی سطح پر ان پر دبا ڈالنے کے بجائے اسلام آباد میں اپنی اپنی پارٹی قیادت اور وفاقی حکومت سے بات کریں تاکہ بلوچستان میں بجلی اور گیس کے بحران کا مستقل اور بہتر حل نکالا جا سکے، کیونکہ مقامی انتظامیہ اس معاملے میں بے اختیار ہے۔
