ماخذ: آئی این پی
کوئٹہ (آئی این پی) کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر ہزارہ برادری کے سینکڑوں افراد نے محکمہ واسا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دھرنے کے باعث سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئیں جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتجاج کے باعث مریضوں، مسافروں اور دیگر ضروری کاموں کے سلسلے میں سفر کرنے والے افراد بھی پریشانی سے دوچار ہیں، جبکہ ایمبولینسز کی آمدورفت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ مغربی بائی پاس پر ٹریفک کی بندش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ واسا اور مظاہرین کے درمیان جاری تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال اور شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
