دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این فورٹی پر گشت کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سیکورٹی اہل کاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن سبوتاژ کرنےکی مذموم کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔