اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
راولپنڈی (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 16 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیاں کیں، اس دوران گزشتہ 12 گھنٹوں میں 16 خوارج ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علی خیل میں کارروائی کے دوران 12، میر علی میں 2 اور دتہ خیل میں بھی 2 خوارج مارے گئے، ہلاک خوارج میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بھی 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی اور شہید نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا، شہید جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
