اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
اسلام آباد (ویب ڈیسک) تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پر کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرگیا، پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاﺅس میں داخل ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ٹی فائیو کے بند کا حصہ ٹوٹنے سے ٹنل فائیو میں بھرا پانی اور کام کرنے والے تمام غیر ملکی اور پاکستانی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ترجمان واپڈا نے تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات بھی غلط قرار دے دیں، ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام روک دیا گیا۔ واقعے کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لیا اور تصدیق کی کہ حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی سرنگ میں داخل ہوا، تاہم ہنگامی کارروائی کے ذریعے وہاں موجود تمام ملکی و غیر ملکی اہلکاروں اور مزدوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر وسیم احمد کے مطابق سرنگ میں پانی بھرنے کے دوران ایک پاکستانی کارکن پانی کے تیز بہاﺅ میں بہہ گیا تھا جسے ایمرجنسی ریسکیو ٹیموں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے بچا لیا، جبکہ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ترجمان واپڈا نے بھی ٹنل فائیو کے منہدم ہونے اور تربیلا ڈیم کا حفاظتی بند ٹوٹنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم کے ٹی فائیو منصوبے پر تعمیراتی کام جاری تھا کہ سرنگ میں کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا، جس کے نتیجے میں انٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاو¿س میں پانی داخل ہوگیا۔ واپڈا کے مطابق واقعے کے باوجود ڈیم کی مرکزی سرنگ اور حفاظتی بند کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ان کے منہدم ہونے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور کا کہنا ہے کہ بند میں شگاف کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا یہ واقعہ ڈھانچے کی کمزوری کا نتیجہ تھا یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کا ایک اہم منصوبہ ہے جو تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد 510 میگاواٹ کے 3 یونٹوں کی مدد سے ڈیم کی پیداواری صلاحیت میں 1530 میگاواٹ کا اضافہ کرنا ہے۔ مئی 2021 میں واپڈا نے اس منصوبے کے سول ورکس کا 354.6 ملین ڈالر کا ٹھیکہ چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا لمیٹڈ کو دیا تھا، جبکہ اس منصوبے کی منظور شدہ کل لاگت 807 ملین ڈالر ہے جس کے لیے عالمی بینک نے 390 ملین ڈالر اور ایشیائی بنیادی ڈھانچہ سرمایہ کاری بینک نے 300 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کی ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد اس سے سالانہ اوسطاً 1.347 ارب یونٹ بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے جس سے تربیلا ڈیم کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہو جائے گی۔ تاہم، یہ منصوبہ پہلے ہی مختلف تاخیر کا شکار رہا ہے جس کے باعث اس کی تکمیل کی تاریخ ستمبر 2027 تک بڑھائی جا چکی ہے۔ اس سے قبل ستمبر 2024 میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ سرنگ نمبر 5 کو بند کرنے کے لیے ارسا سے این او سی کے حصول میں مشکلات تاخیر کی بڑی وجہ تھیں، جبکہ اگست 2025 میں بھی ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث تعمیراتی کام عارضی طور پر روکنا پڑا تھا۔ واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے ترجمان نے تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے سے متعلق گردش کرنے والی ان اطلاعات کی تردید کی ہے جن میں ٹنل نمبر 5 کے منہدم ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ رابطہ ٹنل کے سیکنڈ بینچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا تھا، جس کے نتیجے میں پانی ٹنل اور پاور ہاﺅس کے علاقے میں داخل ہوا، تاہم سرنگ کے منہدم ہونے کی خبریں قطعی بے بنیاد ہیں۔ ترجمان واپڈا کے مطابق انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جا چکا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاﺅس میں جمع ہونے والے پانی کو نکالنے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور اب تعمیراتی مقامات کی جانب مزید پانی کا داخلہ بند ہوچکا ہے۔ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور منصوبے کے حوالے سے جاری کردہ تفصیلی بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاﺅس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے واپڈا کے سینئر افسران، پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور متعلقہ کنٹریکٹرز موقع پر موجود ہیں جو حفاظتی اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
