ماخذ: این این آئی
کوئٹہ (این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کم سن شطرنج ماسٹر عبدالرحمٰن نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کم سن شطرنج ماسٹر کے درمیان شطرنج کا دوستانہ مقابلہ بھی ہوا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے عبدالرحمٰن کی ذہانت، صلاحیتوں اور شطرنج کے کھیل میں مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ ملاقات کے دوران معلوم ہوا کہ کم سن شطرنج ماسٹر عبدالرحمٰن کا تعلق کوئٹہ کے ایک غریب گھرانے سے ہے اور ان کے والد بے روزگار ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بچے کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ اس کے خاندان کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے ان کے والد کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شطرنج جیسے ذہنی کھیل بچوں اور نوجوانوں میں غور و فکر، حکمت عملی، صبر و تحمل اور بروقت فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہیں۔ بلوچستان کے بچوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں جنہیں مناسب مواقع اور سرپرستی فراہم کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جاسکتا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے باصلاحیت بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وسائل کی کمی کسی باصلاحیت بچے کی ترقی اور کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دی جائے گی۔
