اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
راولپنڈی (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو نیب اور ایف آئی اے نے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر طلب کرلیا۔ نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس کے مطابق اسعد محمود کے دور وزارت 2022 تا 2023 پاکستان پوسٹ آفس میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3,938 اسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی لیکن مبینہ طور پر 4,252 افراد بھرتی کیے گئے، کابینہ کمیٹی کی ہدایات کے خلاف 2,646 ختم شدہ اسامیوں پر بھرتیاں کی گئیں۔ نیب کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کنٹریکٹ بنیادوں پر ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے بھرتیوں کی سفارش کے باوجود مستقل تقرریاں کی گئیں۔ نوٹس میں جعلی اور بوگس دستاویزات، زائد العمر امیدواروں کی بھرتی اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں کے بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بھی اسعد محمود کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
