گنداواہ، 34 کھمبوں سے بجلی کی تاریں چوری, درجنوں دیہات تاریکی میں ڈوب گئے

بختیار آباد (بلوچستان نیوز) بھاگ سے گنداواہ فیڈر کو آنے والی بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن پر تخریب کاروں نے ایک بار پھر بڑی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں 34 پولز کی تاریں چوری کر لی گئیں جبکہ 12 پولز کو توڑ دیا گیا ہے۔ اس سنگین واقعے کے باعث تحصیل گنداواہ، نوشہرہ، گاجان اور آلہ آباد سمیت درجنوں دیہات کی بجلی کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے اور پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پولیس تھانہ بھاگ کی حدود میں "نزد محرم” کے مقام پر پیش آیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز سے علاقے میں وولٹیج انتہائی کم تھا اور بجلی کی آنکھ مچولی جاری تھی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تخریب کاروں نے لائن کو نشانہ بنایا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 28 مارچ کو بھی اسی لائن کے 26 پولز کی تاریں چوری اور پانچ پولز توڑ دیے گئے تھے۔ بار بار ہونے والی اس تخریب کاری اور چوری کی وارداتوں نے محکمہ بجلی کی کارکردگی اور انتظامیہ کے حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، جبکہ شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔