وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بزدل تھے، دہشتگردی کی وجہ سے ایمرجنسی لگانا ہماری مجبوری تھی، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری

اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک

کراچی (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بزدل تھے، سہیل آفریدی نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے سے انکار کیا، اگر تحریک انصاف دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں تو پیپلز پارٹی تیار ہے۔ کراچی میں سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد میں تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے افغانستان سے دہشت گردوں کو پاکستان بلایا، جیلوں سے دہشت گردوں کو آزادکیا، آج ملک انہی غلط فیصلوں کا نقصان اٹھا رہا ہے۔ بلاول نے کہا کہ ہماری مجبوری تھی دہشت گردی کی وجہ سے ایمرجنسی لگانا پڑی، مولانا فضل الرحمان اس بات سے انکار نہیں کرسکتے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی ہورہی ہے لیکن ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ وفاق کے ساتھ تعاون کے لیے تیار نہیں تھا، مولانا کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کی کھل کر مذمت کریں، پاکستان کے کسی حصے سے کسی کو پاکستانی پرچم اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم سب مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے، ملک کی سلامتی کے لیے ہماری بہادر افواج قربانیاں دے رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائےگا۔