ماخذ: این این آئی
راولپنڈی (این این آئی) کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق کرم میں پاک افغان سرحد پر پاکستان میں داخلے کی کوشش کرنے والے گروہ کی نقل و حرکت کا پتہ چلا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کی کوشش میں خوارج کی معاونت کے لیے افغان طالبان کی پوسٹوں سے بھی فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان نے جامِ شہادت نوش کیا۔شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کی عمر 40 سال اور تعلق ضلع غذر سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم جاری رہے گی ۔
