افغانستان کی جانب سے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات بے بنیاد ہیں، وزارت اطلاعات

پاکستان وزارت اطلاعات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان سیکورٹی فورسز یا انٹیلیجنس اداروں کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ وزارت اطلاعات کے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی اندرونی جھڑپوں میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کرتے ہیں، سابق افغان سیکورٹی اہلکاروں کو بھرتی یا تربیت دینے کے الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔ پاکستان نے داعش یا کسی دہشتگرد گروہ کو سہولت فراہم کرنے کے الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف الزامات کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے اور نہ کسی فرد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد سامنے آئے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا کی مبینہ ویڈیو میں چند غیر مسلح افراد دکھائے گئے۔ ویڈیو میں افراد مناسب لباس یا سازو سامان سے بھی لیس نہیں، ویڈیو طے شدہ انداز میں بنائی لگتی ہے۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا کہ افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی عالمی رپورٹس میں سامنے آئی ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹس میں بھی افغان دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، پاکستان سے تعلق جوڑنے کی کوششیں افغان سرزمین پر دہشتگردوں کی موجودگی نہیں چھپا سکتیں۔