کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان سمیت نوشکی اور مند میں سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن شعبان کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو م¶ر انداز میں کلیئر کیا، جبکہ کارروائی کے دوران اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ مند میں فتنة الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران آپریشن شعبان اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جاچکا ہے، جو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو م¶ر انداز میں نشانہ بنا کر مقامی آبادی کو درپیش خطرات میں نمایاں کمی کی ہے۔ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پیدا نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ”عزمِ استحکام“ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور کاوشوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی۔
بلوچستان میں71 سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت سیکورٹی فورسز کی اہم پیشرفت ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
