انگلش پریمیئر لیگ کے مالی قوانین کی خلاف ورزی، مانچسٹر سٹی فٹبال کلب پر الزامات ثابت

مانچسٹر سٹی فٹبال کلب

لندن (آئی این پی) انگلش پریمیئر لیگ کے مالی قوانین کی خلاف ورزیوں کے معاملے میں مانچسٹر سٹی کے خلاف تقریبا تمام الزامات ثابت ہوگئے ہیں۔برطانوی میڈیا ادارے دی ایتھلیٹک کے مطابق مانچسٹر سٹی کو کلب کے خلاف عائد کیے گئے 115 میں سے صرف ایک الزام کے سوا باقی تمام الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ بعد ازاں ان الزامات کی تعداد بڑھ کر 130 ہوگئی تھی۔تاہم، مانچسٹر سٹی کے خلاف حتمی سزا کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ ممکنہ سزاں میں پوائنٹس میں کٹوتی، بھاری جرمانہ اور پریمیئر لیگ سے اخراج تک شامل ہیں۔مانچسٹر سٹی نے ابتدا ہی سے ان الزامات کی تردید کی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ کلب کسی بھی فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔کلب کے ترجمان نے دی ایتھلیٹک سے گفتگو میں کہا کہ پریمیئر لیگ کی کارروائی ابھی جاری ہے اور اس کے اہم مراحل مکمل ہونا باقی ہیں جبکہ معاملہ سخت رازداری کے تحت ہے۔حتمی سزا کا فیصلہ ہونے کے بعد ہی واضح ہوگا کہ مانچسٹر سٹی کو مالی قوانین کی ان خلاف ورزیوں پر کس نوعیت کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔