کرم سیکٹر سے دراندازی کی کوشش ناکام، افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار

پاک افغان سرحد

پشاور (ویب ڈیسک) پاک فوج نے کرم سیکٹر سے فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق افغان صوبے ننگرہار اور پکتیا میں افغان پوسٹوں سے افغان طالبان کی زیر نگرانی فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکامی کے بعد کرم سیکٹر میں افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے بلا اشتعال نشانہ بنایا، سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکورٹی فورسز نے دفاعی چوکیوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت توپ خانے سے نشانہ بنایا۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جوابی کارروائی نے دشمن کی توپیں خاموش کروا دیں۔ بارڈر پر موجود بہادر جوانوں نے موثر اور منہ توڑ جواب دیا ۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔