دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت اور موثر کارروائی ریاستی اداروں کے پختہ عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی عکاس ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت تین دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور موثر کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ دہشت گرد عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ ریاست امن دشمن قوتوں کو بلوچستان میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امن کے قیام کے لیے سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور حکومت ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں ہے، دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ریاست کا عزم برقرار رہے گا اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔