گڈانی، سمندر میں کشتی الٹنے سے 6 ماہی گیر ڈوب گئے، 3 کو بچا لیا گیا، تین کی تلاش کیلئے آپریشن جاری

گڈانی کشتی الٹنے سے 6 ماہی گیر ڈوب گئے

وندر (رپورٹ: رمضان لاسی) گڈانی حبکو کنڈ کے کھلے سمندر میں کشتی الٹ گئی، 6 ماہی گیر ڈوب گئے، 3 کو بچا لیا گیا۔ گڈانی حبکو کنڈ کے ساحل کے قریب کھلے سمندر میں تیز لہروں کے باعث مچھلی کے شکار کے لیے جانے والی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار چھ افراد ڈوب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ٹیموں نے تین افراد کو نیم بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے نکال لیا، جنہیں طبی امداد کے لیے کراچی روانہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈوبنے والے افراد الانہ گدور گوٹھ کے رہائشی تھے اور مچھلی کے شکار کے لیے حبکو کنڈ کے کھلے سمندر میں گئے تھے۔ تیز لہروں کی زد میں آکر اچانک کشتی الٹ گئی۔ لاپتا افراد میں دو بھائی عامر ولد نور بخش اور عبدالسلام ولد نور بخش جبکہ شیر محمد ولد بدل خان شامل ہیں۔ تینوں کی تلاش کے لیے کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو کیے جانے والے افراد کی شناخت نصیر احمد ولد نور بخش، غلام نبی ولد عبدالرحمن اور محمد ناصر ولد نور بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والے افراد میں دو بھائی شامل ہیں، جبکہ تمام افراد مقامی رہائشی بتائے جاتے ہیں۔