کوئٹہ(یو این اے)صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ پاکستان "لا الہ الا اللہ” کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا اور اس کی آزادی ہمیں ماہِ مقدس رمضان المبارک میں 14 اگست کے دن نصیب ہوئی۔ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور اسلامی ریاست ہے جس کے چپے چپے کی حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد ہمیں غلامی کی زنجیروں سے نجات ملی اور آج ہم مملکتِ خداداد میں اپنی مذہبی، سماجی اور قومی رسومات مکمل آزادی کے ساتھ ادا کر رہے ہیں۔ یہ آزادی ہمارے بزرگوں، اسلاف کی بے مثال جدوجہد، لازوال قربانیوں اور شہدا کے خون کا ثمر ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر و منزلت کو سمجھتے ہوئے وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہو کر اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ انتخاب ہرنائی زیارت سنجاوی کے مختلف وفودسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے قومی عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی یکجہتی، بھائی چارے اور حب الوطنی کو فروغ دینا چاہیے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ایمانداری اور خلوصِ نیت سے ادا کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ انہیں تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کر کے ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد مزید مستحکم کی جا سکتی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقوں کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔آخر میں انہوں نے اہلِ وطن کو 79ویں جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس عہد کے ساتھ یومِ آزادی منانا چاہیے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
پاکستان کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا، چپے چپے کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے، نور محمد دمڑ
