کوئٹہ، نوشکی، ڈی ایم جمالی، گوادر (بلوچستان نیوز) کچلاک میں شوہر نے چاقو اور خنجر کے وار کرکے 15 سالہ بیوی کو قتل کر دیا۔ذرائع کے مطابق کچلاک میں شوہر نے مبینہ طور پر چاقو اور خنجر کے وار کرکے اپنی 15سالہ دوسری بیوی کو ہلاک کردیااور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعدورثاءکے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ علاوہ ازیں نوشکی کے علاقہ کلی غریب آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق تفصیلات کے مطابق نوشکی کے علاقہ کلی غریب آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے محمد حیات نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ ، فائرنگ کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے، لاش کو میر گل خان نصیر ٹیچنگ اسپتال نوشکی لایا گیا، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔ ایک اور واقعے میں ڈیرہ مراد جمالی کے تھانہ سٹی میں حوالات کے اندر محرر کے اسلحہ سے مبینہ طور پر نکلی گولی قیدی کی جان لے گئی۔ ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی ڈیرہ مراد جمالی میں گزشتہ رات محرر اسلحہ صاف کررہا تھا کہ اس سے اچانگ گولی چل گئی۔ ذرائع کے مطابق گولی چلنے سے ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت مختیار احمد بزدار کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختیار احمد کچھ وقت قبل رشتے کے تنازعے پر ہوئے مقدمہ میں گرفتار ہوئے تھے نوجوان کو جلد ضمانت دلوانے کا کہہ کر گرفتاری دلوائی گئی۔ ہلاک ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے واقعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیکر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناءمکران کوسٹل ہائی وے پر ماکولہ کے مقام پر مسافر بس اور پک اپ گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں پک اپ کا ڈرائیور اور کلینر جاں بحق ہوگئے۔مکران کوسٹل ہائی وے پولیس کے ذرائع کے مطابق حادثہ ماکولہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں مسافر بس اور پک اپ گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی میں سوار ڈرائیور اور کلینر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم دونوں کا تعلق ضلع کیچ کے علاقے پیدراک سے بتایا جاتا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مکران کوسٹل ہائی وے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے مسافر بس کے کنڈیکٹر کو گرفتار کرلیا، جبکہ بس ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور فرار ہونے والے بس ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
بلوچستان میں حادثات و واقعات کے دوران خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق
