بلوچستان میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ٹرانسپورٹ کی ممکنہ معطلی، شہریوں کو سفر سے گریز کی ہدایت

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ٹرانسپورٹ سروسز معطل رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ مسافروں کو تاحکمِ ثانی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے اپنا سفر شروع کرنے سے قبل متعلقہ انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ حکام سے روٹ اور صورتحال کی تصدیق لازمی کرلیں۔ دوسری جانب سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر 25 اور 26 اگست کو کوئٹہ سے چلنے والی جعفر ایکسپریس ٹرین سروس کو بھی معطل رکھا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ٹرین اور روڈ ٹرانسپورٹ کی معطلی کا مقصد مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ حالات معمول پر آتے ہی سروسز کی بحالی کا اعلان کیا جائے گا۔