امام نے کوئی گناہ نہیں کیا، اسے مارکر نہ پھینکنا، بچے یتیم ہوجائیں گے، تربت پریس کلب میں اہلخانہ کی فریاد

تربت پریس کلب میں اہلخانہ کی فریاد

تربت (ویب ڈیسک) تربت کے علاقہ بلیدہ سے ایک شخص کو اغوا کرلیا گیا۔ بلیدہ کے گلی باہوٹ بازار کے رہائشی امام ولد حسن کے اہلخانہ اور امام کی اہلیہ نے تربت پریس کلب میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح افراد امام ولد حسن کوزبردستی اپنے ساتھ لے گئےئ، امام کا کسی سے کوئی ذاتی تنازع یا دشمنی نہیں، وہ ایک سادہ طبیعت اور بے قصور شہری ہے۔ پریس کانفرنس میں امام کی اہلیہ نے کہا کہ میرا نام جائن ہے، میں بلیدہ گلی کی رہائشی ہوں، ہم کل تربت میں گئے تھے، واپسی پر ہمارے گھر کے پیچھے ندی ہے، وہاں امام حسن اپنے بچوں کے ہمراہ گیا، راستے میں بندوق بردار لوگوں نے اسے پکڑ لیا، بچوں نے مجھے آکر بتایا کہ ابو کو بندوق والوں نے پکڑا ہے، میں گئی تو وہاں ناکہ بندی تھی، میں نے ان سے پوچھا کہ آپ لوگوں نے کیوں اسے پکڑا ہے، اس کا کیا گناہ ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم پوچھ گچھ کریں گے، میں نے کہا کہ اس کا کیا قصور ہے، کیا گناہ کیا ہے مجھے بتاﺅ، اگر اس نے کوئی غلطی کی ہے تو ہم خود اسے سمجھائیں گے، اس نے آج تک ایسی کوئی غلطی نہیں کی، اس نے آج تک کسی سے تعلق نہیں رکھا، پھر آپ کیوں اسے لے جارہے ہو، میں نے پوچھا کہ آپ کس کے لوگ ہو، انہوں نے بتایا کہ ہم تنظیم کے لوگ ہیں، میں نے کہا اسے چھوڑ دو، تنظیم والوں نے کہا ہم اسے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیں گے، میں نے کہا پھر میں بھی چلتی ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو ساتھ لیکر نہیں جائیں گے، آپ کے ساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں، پھر میں نے ان کے سربراہ کو کہا کہ اسے چھوڑ دیں، لیکن انہوں نے نہیں چھوڑا، میں نے پھر ان سے پوچھا کہ آپ بتاﺅ آپ لوگ کون ہو، چور ہو یا سرکار کے لوگ ہو، ان لوگوں نے بتایا کہ ہم تنظیم کے لوگ ہیں، میں نے کہا آپ لوگوں کی مہربانی ہوگی میرے شوہر کو لے آﺅ، میرے بچوں کو یتیم نہ کرنا، میرے چھوٹے بچے ہیں، میرے شوہر نے کوئی گناہ نہیں کیا، بے گناہ اٹھایا ہے مار کر نہ پھینکنا، میں اپنے بچوں کے ساتھ کہاں جاﺅں گی میں خود یتیم ہوں، آپ لوگوں کی مہربانی ہوگی میرے شوہر کو صحیح سلامت گھر تک چھوڑا جائے۔