سنجاوی میں مسلح افراد نے ڈیم کو تباہ کر دیا، بلیدہ میں گاڑیوں پر فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق، ایک شخص اغوا

بلوچستان میپ

سنجاوی، بلیدہ (یو این اے) سنجاوی کے علاقے کلی سیلرہ میں واقع ایک خشک ڈیم کو گزشتہ شب6 سے 7 نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈیم کو شدید نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واقعے کے فوری بعد علاقے میں خوف و ہراس اور شدید تشویش کی لہر ڈور گئی۔ پولیس اور انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے، واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ایک اور واقعے میں ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر سے راشن اتار کر واپس جانے والی گاڑیوں پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور جاں بحق جبکہ زمیاد گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے فائرنگ کے بعد ٹرک مالک کے بیٹے کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور متعلقہ حکام نے علاقے میں کارروائی شروع کردی، جبکہ جاں بحق ڈرائیور کی لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔