کوئٹہ، پنجگور، سنجاوی (یو این اے) ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال پنجگور میں لائی گئی پانچ افراد کی لاشوں میں سے دو کی شناخت کرلی گئی، جبکہ تین لاشیں تاحال شناخت کی منتظر ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق شناخت ہونے والوں میں حافظ مدثر سکنہ سندے سر اور پیر جان کچکول سکنہ رائی نگور شامل ہیں۔ دونوں افراد کا تعلق پنجگور کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق دیگر تین لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس اور اسپتال انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں اعلانات کرائے گئے ہیں اور ممکنہ ورثا سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ لاشوں کی شناخت اور تدفین کا عمل جلد مکمل کیا جاسکے۔ پولیس کے مطابق لاشوں سے متعلق مزید معلومات اور شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔ دوسری جانب سنجاوی کلی بغاﺅ کے علاقے میں مسلح افراد نے خالی پولیس چوکی کو بارودی مواد سے دھماکا کرکے تباہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت پولیس چوکی خالی تھی، جس کے باعث واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے میں کارروائی شروع کردی جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ملوث افراد سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سنجاوی میں پولیس چوکی کو بارودی مواد سے تباہ کردیا گیا، پنجگور سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد
