اسکردو (ویب ڈیسک) براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے ہلاک ہونے والے مزید 5 کوہ پیماﺅں کی لاشیں اسکردو پہنچا دی گئیں۔ اب تک 8 کوہ پیماﺅں کی میتیں اسکردو پہنچائی جاچکی ہیں، 2 کوہ پیماﺅں کی تلاش جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق نیپالی اور پاکستانی کوہ پیماﺅں پر مشتمل گراﺅنڈ ریکوری ٹیم نے عالمی ریکارڈ یافتہ کوہ پیما نرمل پرجا سمیت 8 کوہ پیماﺅں کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی اور ایک غیر ملکی خاتون کوہ پیما کی تلاش جاری ہے۔ چند روز قبل براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 10کوہ پیما ہلاک ہوگئے تھے۔ صدر الپائن کلب نے کہا کہ براڈ پیک کی تاریخ کا بہت بڑا حادثہ پیش آیا، پہلے دن 2 افراد کی لاشیں نکالی گئیں اور تیسرے کے کچھ جسمانی اعضا برآمد ہوئے، پہلے دن نیپال سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما اور عمانی خاتون کی لاشیں نکالی گئیں۔ صدر الپائن کلب نے بتایا کہ پاک فوج نے ہیلی کاپٹر مہیا کیے اور 5 لاشیں منتقل کی گئیں، آج 4 نیپالی کوہ پیماﺅں اور ایک چینی کوہ پیما کی لاشیں منتقل کی گئیں۔
برفانی تودہ گرنے سے ہلاک مزید 5 کوہ پیماﺅں کی لاشیں اسکردو پہنچا دی گئیں
