بلوچستان میں 2افراد قتل ، 5لاشیں برآمد

کیچ ( آئی این پی ) ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ تمپ میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے مقامی رہائشی منہاس ولد ماسٹر ظفر کو قتل کردیا۔، حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔دوسرا واقعہ تمپ کے علاقے کوشقلات میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت فراز ولد بہادر سکنہ کوشقلات تمپ کے نام سے ہوئی ہے۔اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور علاقے میں سرچ کارروائی شروع کردی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ضلع پنجگور کے علاقے کلی وشاپ میں رخشان پل کے نیچے سے ایک تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جسے نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاش رخشان پل کے نیچے سے ملی جسے مقامی افراد نے دیکھ کر انتظامیہ کو اطلاع دی پولیس کے مطابق مقتول کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں گولی مار کر قتل کیا گیا نعش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شناخت نواب ولد عبدین بلوچ کے نام سے ہوئی جو ضلع پنجگور کے علاقے پروم کا رہائشی تھا۔ذرائع کے مطابق مقتول تقریبا دس ماہ سے لاپتہ تھا اور اہل خانہ اس کی بازیابی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے تھے۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔صو با ئی دارالحکومت کو ئٹہ کے نواحی علا قے مشرقی بائی پاس سے 3 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں ہاتھ پائوں باندھ کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے ۔اطلاع ملنے پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ضروری قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ تاحال مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔نصیرآباد کے علاقے سے پولیس نے نہر سے ایک بچے کی نعش قبضے میں لے لی۔ پولیس کے مطابق ہفتہ کو نصیرآبادپولیس تھانہ میرحسن کی حدود ٹیپل شاخ میں مقامی افراد نے نہر میں ایک بچے کی نعش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش نہرسے نکال کر قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد امانتا ً دفن کردی ۔پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔