قلات میں کرفیو نافذ، خضدار میں شام سے بازار کی بندش کا حکم، نوشکی، مستونگ، خاران میں بینک اور نادرا دفاتر بند

کوئٹہ (ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی کے جاری بیان کے مطابق بازار بند کرنے کی خبر درست نہیں، تاہم امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر قلع قلات میں 7 اگست سے مختلف ایام میں 28 اگست تک رات 10 بجے سے صبح 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ عوام کو ہدایت دی جاتی ہے کہ مذکورہ ایام کے مخصوص اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ خضدار ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر آج شام 6 بجے خضدار شہر کی تمام دکانیں بند رکھنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق شہری امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام تاجر برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اپنی دکانیں بند کر کے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ دوسری جانب نوشکی میں تمام بینکس اور نادار دفاتر کو ایک ماہ کے لیے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ نوشکی، مستونگ، خاران جیسے اضلاع میں صوبائی حکومت یا وفاقی حکومت یا سیکورٹی اداروں کے فیصلے میں بند کیا جارہا ہے۔ بینک جیسے اہم مالیاتی لین دین کے اداروں اور نادار جیسے قومی شناختی کارڈ جاری کرنے والے ادارے کی طویل عرصے تک سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بندش حکومت کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے پر ناکامی کا برملا اعتراف ہے۔ دوسری جانب ماہ اگست جو پاکستان کی آزادی کی سالگرہ منانے کا مہینہ ہے اس میں بقول حکومت دہشت گردوں کے حملوں کے خدشات کے پیش نظر یہ اقدام لیا گیا ہے۔