کوئٹہ، کوئلہ کان میں دھماکہ، 6 لاشیں نکال لی گئیں، درجنوں کانکنوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ کے نواحی علاقے سوررینج میں کوئلہ کان میں دھماکا، 42کانکن پھنس گئے، 6 لاشیں نکال لی گئیں، 36 افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری، خصوصی آلات نہ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا۔ محکمہ مائنز اور پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق جمعرات کی سہ پہر اطلاع ملی کہ سوررینج میں مقامی کوئلہ کان میں میتھین گیس کے باعث دھماکا ہوا ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے، مائنز ریسکیو اور دیگر ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی کان کے مالک نے بتایا کہ دھماکے کے وقت کان میں 42 افراد موجود تھے جو کان میں پھنس گئے ہیں جبکہ جمعرات کی شام تک 6 لاشیں نکال لی گئیں جبکہ دیگر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم گیس کا اخراج زائد اور خصوصی آلات نہ ہونے کے سبب ریسکیو آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔ صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسپن کاریز میں کوئلے کی کان بیٹھنے کے واقعے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر چیف انسپکٹر آف مائنز اور پی ڈی ایم اے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔