ژوب، طوفانی بارشوں سے تباہی، بچے سمیت 2 خواتین جاں بحق، 12 مکانات منہدم

ژوب (یو این اے) ضلع ژوب کے نواحی علاقے کلی ونئی میں گزشتہ شب ہونے والی موسلا دھار بارش، شدید آندھی اور طوفانی ہواﺅں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ایک سالہ بچہ اور دو خواتین جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ژوب اور گرد و نواح میں رات گئے موسم نے اچانک شدت اختیار کی، پہلے تیز گرد آلود ہوائیں چلیں اور بعد ازاں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش شروع ہوگئی۔ طوفانی ہواں کے باعث کلی ونئی میں کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، دیواریں گر گئیں جبکہ متعدد کچے گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ایک کچا مکان گرنے سے ایک سالہ بچہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد نکالی۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم کی فضا پھیل گئی۔ دوسری جانب مختلف مقامات پر مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے دو خواتین بھی جاں بحق ہوئیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کے ابتدائی سروے کے مطابق کلی ونئی میں 12 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوئے ہیں جبکہ متعدد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کا گھریلو سامان، اناج اور دیگر ضروری اشیا بھی ملبے تلے دب گئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور لیویز کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔