نوشکی میں فائرنگ کے بعد بھگدڑ، بازاربند شہر سنسان ہوگیا، چاغی میں متعدد بوزر گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں

نوشکی (ویب ڈیسک) نوشکی کے علاقہ غریب آباد بائی پاس روڈ پر اندھا دھند فائرنگ کے بعد نوشکی شہر میں بھگدڑ مچ گئی، لوگوں میں افرا تفری، دکانداروں نے اپنے دکانیں بند کردیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے پورا بازار خالی ہوگیا۔ پولیس نے فائرنگ کی تصدیق کردی جبکہ دوسری جانب مغربی بائی پاس پر سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ بھی موجود ہے۔ تاہم فائرنگ سے تاحال کوئی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ نوشکی شہر اور بازار بالکل ویران اور سنسان ہوچکا ہے۔ لوگ بازار چھوڑ کر اپنے گھروں کی طرف چلے گئے، فائرنگ سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ علاوہ ازیں چاغی، پدگ ہوٹل ایریا میں رات گئے بوزر گاڑیوں پر حملے کی اطلاعات۔ بوزر گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے ٹیچنگ اسپتال نوشکی منتقل کیا گیا بعد ازاں مزید علاج کے لئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق زخمی شخص بوزر گاڑی کا کنڈیکٹر ہے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق بوزر گاڑیوں کو پدگ ہوٹل کے سامنے نذر آتش کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد پانچ ٹرالر اور دو بوزر گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا گیا۔