اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزارت داخلہ نے ملک میں بغیر کار آمد ویزا مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ وزارت نے تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری اور ملک بدری کی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 10 جولائی سے ایسے تمام افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو بغیر کارآمد ویزا پاکستان میں مقیم ہیں۔ نوٹیفکیشن میں تمام صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری اور انہیں ملک بدر کرنے کی مہم کو مزید تیز کیا جائے۔ وزارت داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ 10 جولائی سے ملک بھر میں اس کارروائی کا باضابطہ آغاز کیا جائے اور بغیر مو¿ثر ویزا مقیم افغان شہریوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کارروائی کی روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی تاکہ پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔ وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مراسلے پر فوری اور مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
پاکستان میں بغیر کار آمد ویزہ مقیم افغان شہریوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
