آل پاکستان سی ایم گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ، ڈی ایف اے حب نے ڈی ایف اے سبی کو 0-3 سے شکست دیدی

کوئٹہ (رپورٹ: ابوبکر دانش میروانی بلوچ) آل پاکستان سی ایم گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں ڈی ایف اے حب کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مضبوط حریفوں کے خلاف یکے بعد دیگرے کامیابیاں سمیٹتے ہوئے ڈی ایف اے حب نے ایک اور اہم معرکے میں ڈی ایف اے سبی کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر لیگ راو¿نڈ میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔ میچ کے آغاز سے ہی ڈی ایف اے حب کے کھلاڑیوں نے جارحانہ اور منظم کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ پہلے ہاف میں ٹیم کے مایہ ناز فارورڈ کامران نے شاندار گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی، جس کے بعد حب کے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہوگئے۔ دوسرے ہاف میں ڈی ایف اے حب نے اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا اور مخالف ٹیم پر مسلسل دباﺅ برقرار رکھا۔ میچ کے دوران ذاکر نے ایک خوبصورت موو کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اسکور دو صفر کردیا، جبکہ اختتامی لمحات میں باسط عشاق نے تیسرا گول اسکور کرکے فتح پر مہر ثبت کردی۔ ڈی ایف اے سبی کی ٹیم نے مقابلے میں واپسی کی بھرپور کوشش کی، تاہم ڈی ایف اے حب کی مضبوط دفاعی لائن، منظم مڈ فیلڈ اور جارحانہ حکمت عملی کے سامنے وہ بے بس دکھائی دی۔ حب کے گول کیپر اور دفاعی کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈی ایف اے حب نے ٹورنامنٹ کی ایک مضبوط اور تجربہ کار ٹیم ڈی ایف اے پشین کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا مسلسل دو بڑی کامیابیوں کے بعد ڈی ایف اے حب نہ صرف ٹورنامنٹ کی ابھرتی ہوئی طاقت بن کر سامنے آئی ہے بلکہ شائقین فٹبال کی امیدوں کا مرکز بھی بن گئی ہے۔ ڈی ایف اے حب کے عہدہ داران تمام ٹیموں کے آفیشلز و سابق لیجنڈ فٹبالرز نے ڈی ایف اے حب کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے سینئر فٹبالروں کا کہنا ہے کہ اگر ٹیم نے یہی فارم برقرار رکھی تو وہ ٹورنامنٹ کے ٹائٹل کی مضبوط امیدوار ثابت ہوسکتی ہے۔ ڈی ایف اے حب کے کھلاڑیوں نے کامیابی کو ٹیم ورک، نظم و ضبط اور محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ آنے والے میچز میں بھی بہترین کھیل پیش کرکے ضلع حب اور بلوچستان کا نام روشن کریں گے۔